نئی دہلی، 2؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اتوار کو نئے سال کے موقع پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کو بچانا کانگریس کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف ہونا چاہئیے ہمیں ہر ہندوستانی کی آواز بلند کرنے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی اور اب اپنے آئین اور جمہوری اقدار کو بچانے کی ذمہ داری ہم پر ہے، ہمیں مشترکہ اقدار کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی کام کرنا ہوگا۔
ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ہر ہندوستانی کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ کانگریس سیکولر، ترقی پسند اور لبرل ہندوستان کے خوابوں اور خواہشات کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔ کانگریس ہمیشہ ہندوستان کے لیے کھڑی رہی ہے، اور ہمیں اس نظریاتی بندھن اور انمول رشتے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کانگریس کارکنوں کے نام ایک پیغام میں کہا "آئیے ہم 2023 کو ایک ایسا سال بنانے کا عزم کریں جس میں ہر ہندوستانی اکٹھا ہو اور ہم آہنگی اور بھائی چارے کے بندھن کو مضبوط کرے،" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ رکاوٹیں دور کریں جو ہمیں تقسیم کرتی ہیں اور ہمارے اندر محبت، ہمدردی، رواداری اور بھائی چارے کے اقدار کو پھر سے جگاتے ہیں۔
اپنے پیغام میں ملکارجن کھرگے نے کہا کہ "یہ وقت ہے ہر خواہش کو متحد کرنے اور تہذیبی نظریات کو تقویت دینے کا جو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ آئیے ہم ایک جامع معاشرے کے خیالات اور نظریات کا دوبارہ حاصل کریں کریں جو ملک میں امن کا باعث بنے گا۔"